فیصل ممتاز کون ہیں؟ نادیہ نے شوہر کا تفصیلی تعارف کرادیا

حالیہ دنوں میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی میزبان و اداکارہ نادیہ خان اور ان کی شادی ان دنوں سوشل میڈیا کی زینت بنے ہوئی ہے۔

اپنی شادی اور بچوں سے متعلق وضاحت کے بعد اب اداکارہ نادیہ خان نے شوہر کا تفصیلی تعارف کرایا ہے۔ گزشتہ روز نادیہ خان نے اپنے شوہراور ان کے پیشے سے متعلق تفصیلات سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کیں۔ نادیہ خان کے مطابق، ان کے شوہر فیصل ممتاز پاکستان ائیر فورس کے ریٹائرڈ آفیسر اور فائٹر پائلٹ ہیں، جو 1970 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔

نادیہ نے بتایا کہ فیصل نے 1991 میں جی ڈی پی کے 90 ویں کورس میں بطور کمیشن آفیسر پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی، وہ 30 سالہ فلائنگ اور مینجمنٹ کا تجربہ رکھنے والے دنیا کے قابل ترین اور ممتاز پائلٹ میں سے ایک کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

نادیہ خان کا کہنا ہے کہ فیصل میراج ، ایف7 ، ہاک گروب ، ٹی 37 ، سیسنا اور دیگر ہوائی جہازوں پر 4000 گھنٹوں سے زائد پرواز کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ادکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر فیصل ممتاز نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں تربیت کے تمام بڑے کورسز میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے، وہ 18 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں پاک فضائیہ سے ونگ کمانڈر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں پہلے انسٹرکٹر پائلٹ اور پھر چیف آف سیفٹی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔

نادیہ خان کا کہنا تھا کہ فیصل میڈیا کے لیے نئے نہیں ہیں کیونکہ وہ ماضی میں نجم شیرازی کے آئی ایس پی آر کےلیے بنائے گئے گانے ہوا کا سپاہی میں بطور سپاہی نظر آچکے ہیں جب کہ وہ مشہور الیکٹرانک میڈیا صحافی اور پی ٹی وی کے سابق ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افیئرمرحوم ممتاز حامد راؤ کے بیٹے ہیں۔

اداکارہ مزید لکھتی ہیں ممتاز حامد راؤ پاکستان ٹیلی ویژن کے بانیوں میں سے ایک تھے اور پی ٹی وی نیوز قائم کرنے والے پہلے صحافیوں میں سے ایک تھے، ان کا انتقال 2011 میں راولپنڈی میں ہوا تھا، ممتاز راؤ کے خاندان کا تعلق مقبوضہ جموں کشمیر سے ہے، فیصل کی والدہ گھریلو خاتون ہیں اور وہ بھی جموں کی رہنے والی ہیں، وہ ایک بہت ہی پیار کرنے والی ماں ، نرم دل عورت اور شاندار کھانا بنانے والی خاتون ہیں، اس وقت وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں جب کہ فیصل کا بیٹا حیان امریکا میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ نادیہ خان کے مطابق ،فیصل اپنے چار بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں، ان کے چھوٹے بھائی علی برطانیہ کے سول سروس میں سینئر ایڈوائس آفیسر کی حیثیت سے کام کرتے ہیں، وہ مانچسٹر میں اپنی اہلیہ ڈاکٹر اسما اور بیٹی بیلا کے ساتھ رہتے ہی۔