والد کے انتقال کے بعد پوسٹ شیئر کرنے پر تنقید، اداکارہ نے کھری کھری سنا دیں

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان کے والد کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اداکارہ سارہ خان نے والد کے انتقال کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والدین کے لیے ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا تھا۔ اب سارہ خان نے اپنے ڈرامے کے حوالے سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

حبا نور نامی صارف نے سارہ کی تصویر پر کمنٹ کیا کہ ‘ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا اور آپ اپنے ڈرامے کے حوالے سے پوسٹس لگا رہی ہیں، کیسی دنیا ہے یہ اداکاری کی’۔ اداکارہ سارہ خان بھی اس تنقید پر چپ نہ رہ سکیں اور انہوں نے صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘کیوں، ایک مہینے بعد پوسٹ کرتی تو غم کم ہو جاتا؟ کیا اس بات کا کوئی تُک بن رہا ہے؟۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ سارہ خان، نور خان اور اداکارہ ایمن، منال کے بھی والد کا انتقال ہوا تھا۔