‘وزیراعظم کو اعتماد حاصل ہے، 31 جنوری کو حکومت مستعفی نہیں ہو گی’

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ 31 جنوری کو حکومت مستعفی نہیں ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ا یوان کا اعتماد حاصل ہے، اپوزیشن کے کہنے پر مستعفی کیوں ہوں گے؟ انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی اصلیت پہچان چکے ہیں، ان کے جلسے جلوسوں میں جان نہیں ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن اسلام آباد آئی تو خوش آمدید کہیں گے، ان کی یہ حسرت بھی پوری ہو جائے۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دے کر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مستعفی ہونے سے متعلق اپوزیشن کا مطالبہ یکسر مسترد کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بیروزگاروں کا ٹولہ جاتی عمرہ میں اکھٹا تھا، پی ڈی ایم نے ایک بار پھر قومی اداروں کو نشانے پر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام افواج پاکستان کے متعلق پی ڈی ایم کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔