دُبئی میں نئے سال کا شاندار جشن منایا گیا

دُنیا بھر کو نیا سال مبارک ہو۔ دُنیا بھر میں دعائیں جاری ہیں کہ اس سال کورونا کی موذی وبا جلد از جلد دُنیا سے مکمل طور پر رخصت ہو جائے۔ انسانی تاریخ میں اس بار پہلا موقع تھا جب لوگوں نے ماسک پہن کر نئے سال کا جشن منایا۔ دُبئی میں بھی نئے سال کا جشن بھرپور انداز سے منایا گیا۔ دبئی کی فضا رنگا رنگ روشنیوں سے چمک اٹھی۔امارات کے سیاحتی اور تجارتی مرکز دبئی میں حسب معمول نئی سال کے موقعے پر برج خلیفہ اور دیگر مقامات پر سال نو کے استقبال کا جشن منایا گیا۔

دبئی میں نئے سال کا خیر مقدم بہت بڑی تقریبات کے ساتھ کیا گیا جس میں آتش بازی، لیزر اور لائٹس شوز شامل ہیں۔ نئے سال کا جشن لگ بھگ دس منٹ تک جاری رہا۔دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر ہزاروں افراد نے آتش بازی اور لیزر شو دیکھا۔سال نو کا خیر مقدمی شو دیکھنے کے لیے عوامی مقامات، ہوٹلوں یا ریستورانوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا اور ‘کیو آر’ کے ذریعے اندراج کرایا گیا۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نئے سال 2021ء کے استقبال کے موقعے پر کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے تحت استقبالیہ پروگرامات کا انعقاد کیا۔

متعدد ممالک میں کرونا کی وجہ سے نئے سال کے موقع پر سرحدوں کو سیل کیا گیا۔بعض مقامات پر کرفیو بھی لگایا گیا۔ ریستوران اور پبلک مقامات بند رکھے گئے اور لوگوں کو استقبالیہ پارٹیوں کے انعقاد سے روکا گیا یا ان کے لیے سخت حفاظتی اقدامات پر زور دیا گیا۔سال 2020ء کے دوران کرونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر لاکھوں افراد نئے سال کا جشن منانے اور جشن کی تقریبات میں شرکت میں ناکام رہے۔