وزیراعلیٰ کے پی کا متاثرہ مندر کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کرک میں متاثرہ مندر کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔ محمود خان نے کہا کہ واقعے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، صوبائی حکومت مندر کی دوبارہ تعمیر کو جلد یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مندر کی تعمیر کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کردیے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کرک کے علاقے میں ٹیری میں مندر جلانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مندر کو دوبارہ تعمیر کرانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔