کراچی: دکان میں دھماکا، مزدور جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے صنعتی ایریا سائٹ میں دکان میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔ دھماکا کباڑ کی دکان میں ہوا، جس کے نتیجے میں دکان میں کام کرنے والا شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جاں بحق مزدور کی شناخت شفیق کےنام سےہوئی ہے۔

واقعے سے متعلق عینی شاہد کا بیان سامنے آیا ہے، جس کا کہنا تھا کہ دھماکا کام کے دوران سامان میں مشتبہ چیز پھٹنے سے ہوا، ریسکیو ٹیم نے جائے وقوع سے لاش اسپتال منتقل کردی ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے دکان کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

دھماکے سے متعلق ایس ایس پی کیماڑی کا بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے وقت گودام میں ایک ہی مزدور موجود تھا۔ ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ مزدرو جنریٹر کو ہتھوڑی سےکھول رہاتھا جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا، مزید حقائق کےلیےبی ڈی یو کو طلب کیا گیا ہے۔