پاکستان تازہ ترین

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی نااہلی پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آج ہی معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت میں دلائل دیے، جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ اعتراضات کیا ہیں؟ اس پر بیرسٹر علی ظفر نے جوابا کہا کہ ایک بائیو میٹرک تصدیق کا اعتراض تھا، دوسرا اعتراض یہ ہے کہ الیکشن کمیشن فیصلے کی مصدقہ نقل نہیں لگائی، الیکشن کمیشن نے فیصلہ جاری ہی نہیں کیا، صرف 2 صفحے ملے ہیں۔

عدالت عالیہ نے کہا کہ اس مقدمے میں جلدی کیا ہے؟ اس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا اور انھوں نے آئندہ الیکشن لڑنا ہے، الیکشن کمیشن نے بدعنوان طرز عمل پر مقدمہ چلانے کا بھی کہا ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کمیشن نے صرف شکایت بھجوانے کا کہا ہے، جب فیصلہ ہی نہیں ہے تو عدالت کس حکم کو معطل کرے گی؟ آپ رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیں۔

وکیل علی ظفر نے عدالت سے کہا کہ مختصر فیصلہ ساتھ لگایا ہے، اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا کہ مختصر فیصلے کی مصدقہ نقل ہے؟ اس پر علی ظفر نے جواب دیا کہ اس کے لئے درخواست دی ہوئی ہے، عدالت الیکشن کمیشن سے منگوا لے، الیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر فیصلہ جاری کیا مگر ہمیں مصدقہ نقل نہیں دی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اگر 3 روز میں آپ کو نقل نہ دی جائے تو ہم اسے دوبارہ سنیں گے، ہم بھی اکثر ایسا کرتے ہیں، مختصر فیصلہ سنا دیا جاتا ہے اور تفصیلی فیصلہ بعد میں آتا ہے، ہم توقع کرتے ہیں 3 روز میں آپ کو تصدیقی نقل مل جائے گی، عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا مصدقہ فیصلہ آنے سے پہلے حکم امتناع جاری نہیں کر سکتے، اس پر وکیل علی ظفر نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے الیکشن کمیشن فیصلہ تبدیل کر دے گا۔

جسٹس اطہر من االلہ نے تبصرہ کیا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، فیصلہ کیسے تبدیل ہو سکتا ہے؟ پہلے بھی نااہلی ہوتی رہی ہیں، کوئی سیاسی طوفان نہیں آتا، جس قانون کو سامنے رکھ کے عمران خان نااہل ہوئے وہ تو محض اسی نشست کی حد تک ہے، عمران خان دوبارہ انتخاب لڑنا چاہیں تو لڑ سکتے ہیں، عمران خان پر انتخاب لڑنے کی کوئی قدغن نہیں ہے۔

بعد ازاں عدالت عالیہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کا فیصلہ آج ہی معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات 3 دن میں دور کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت ملتوی کر دی۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image