یوم استحصال کشمیر: مودی سرکار کے شب خون کو 3 برس مکمل ہو گئے پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین دنیا

یوم استحصال کشمیر: مودی سرکار کے شب خون کو 3 برس مکمل ہو گئے

مقبوضہ کشمیر پر مودی سرکار کے شب خون کو 3 برس مکمل ہو گئے، اس مناسبت سے دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری آج یوم استحصال کشمیر منا رہے ہیں۔

مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو آئینی جارحیت کرتے ہوئے دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کر کے متنازع خطے کو خود میں ضم کر لیا تھا، اور یوں ان دفعات کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت پامال کر دی گئی۔

وہ دن اور آج کا دن سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشیوں کا سلسلہ جاری ہے، حریت رہنما جیلوں میں ہیں یا گھروں پر نظر بند ہیں، تاہم کشمیریوں کا عزم مصمم ہے کہ بھارت کا کوئی بھی مذموم قدم انھیں جدوجہد آزادی سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔

طرفہ تماشا یہ ہے کہ جن کشمیریوں کو بھارت نوازی پر ناز تھا ان کو بھی نہیں بخشا گیا، سابق کٹھ پتلی وزرائے اعلیٰ بھی گھر کی چاردیواریوں تک محدود ہیں، لیکن ان تمام انسانیت سوز مظالم اور 1095 دنوں کے لاک ڈاؤن کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت و آزادی کو نہیں دبا سکا۔

حریت کانفرنس کی کال پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وادی بھر میں مکمل ہڑتال ہے، جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

Exit mobile version