مہنگائی کا جن بدستور بے قابو ہے، وفاقی ادارۂ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں حالیہ ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جن میں دالیں، سبزیاں، گوشت، چاول اور صابن شامل ہیں۔
ملک میں مسلسل دو ہفتے اضافے کے بعد پھر سے مہنگائی کی شرح میں معمولی سی کمی واقع ہونا شروع ہو گئی، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.57 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ سالانہ بنیادوں پر اسی دورانیے میں مہنگائی کی شرح 29.44 فیصد سے کم ہو کر 28.44 فیصد کی شرح پر آ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق حالیہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اور 17 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ 16 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے پیاز کی قیمتوں میں 1.57 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 13.51 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 2.12 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 2.07 فیصد، دال چنا کی قیمت میں 1.39 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 2.76 فیصد کمی ہوئی ہے۔
وفاقی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آلو کی قیمت میں 1.78 فیصد، خشک دودھ کی قیمت میں 3.82 فیصد، ماچس ڈبیہ کی قیمت میں 5.65 فیصد، آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 2.09 فیصد، سادہ روٹی کی قیمت میں 2.05 فیصد اور چائے کی پتی کی قیمت میں 1.24 فیصد کمی ہوئی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
Leave feedback about this