محسن شاہنواز رانجھا پر حملے کے بعد اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج پاکستان Roze News
پاکستان

محسن شاہنواز رانجھا پر حملے کے بعد اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج

الیکشن کمیشن دفتر کے باہر لیگی ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا پر حملے کے بعد اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ میں اعانت جرم کے الزام میں عمران خان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پر حملے کے معاملے میں پیشرفت سامنے آئی ہے، محسن شاہنواز رانجھا کی مدعیت میں تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں اعانت جرم کی دفعہ میں عمران خان کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں اقدام قتل سمیت 5 دفعات شامل کی گئی ہیں، مدعی کی طرف سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ مقدمہ میں بطور مدعی پیش ہوا، الیکشن کمیشن سے توشہ خانہ مقدمہ میں فیصلہ عمران خان کے خلاف آیا، جیسے ہی الیکشن کمیشن سے باہر نکلا، پی ٹی آئی قیادت کی ایما پر مجھ پہ قاتلانہ حملہ ہوا، میری گاڑی پر حملہ کیا گیا اور شیشے توڑ کر اندر گھسنے کی کوشش کی گئی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے تھانہ آئی 9 میں سرکار کی مدعیت میں تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے خلاف درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید، عامرکیانی، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی قیوم عباسی، راجا راشد حفیظ، عمر تنویر بٹ، راشد نسیم عباسی اور راجہ ماجد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

Exit mobile version