سہ فریقی سیریز، نیوزی لینڈ فائنل میں، کیویز کی بنگال ٹائیگرز کو 48 رنز سے شکست کھیل Roze News
کھیل

سہ فریقی سیریز، نیوزی لینڈ فائنل میں، کیویز کی بنگال ٹائیگرز کو 48 رنز سے شکست

سہ فریقی سیریز میں نیوزی لینڈ نے فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا، بلیک کیپس نے بنگال ٹائیگرز کو 48 رنز سے شکست دے دی۔

سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے پانچویں مقابلے میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کر لی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے مقابلے میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بلے بازی کی دعوت دی، کیوی ٹیم نے مقررہ 20 اووروں میں 208 رنز بنائے۔

بلیک کیپس کی جانب سے ڈیون کونوے نے 64 رنز اور گلین فلپس نے 60 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ فن ایلن نے 19 گیندوں پر 32 اور مارٹن گپٹل 34 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

اننگز کے اختتامی لمحات میں گلین فلپس نے 19 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 50 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 208 رنز تک پہنچایا، بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور عبادت حسین نے دو دو جبکہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم کا آغاز متاثر کن نہ رہا، مقررہ 20 اووروں میں بنگال ٹائیگرز کی ٹیم 7 وکٹوں پر محض 160 رنز بنا سکی۔

ابتدائی بلے باز نجم الحسن شنٹو 11، لٹن داس 23، سومیا سرکار 23، عفیف حسین 4، نور الحسن 2 رنز بنا سکے۔

کپتان شکیب الحسن نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 70 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔

کیوی گیند بازوں کی جانب سے ایڈم ملنے نے 3، ٹم ساؤتھی اور مچل بریسول نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں بنگلہ دیشی ٹیم اب تک کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، بنگلہ دیش کل پاکستان کے خلاف آخری گروپ میچ میں مدمقابل آئے گی۔

Exit mobile version