سنگاپور (اے پی پی):سنگاپور میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فِن ٹیک فیسٹیول 2025 میں بدھ کوپاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح ڈپٹی ہائی کمشنر اور ناظم الامور سلمان محمود نے کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلمان محمود نے پاکستانی فِن ٹیک کمپنیوں کی شرکت کو سراہا اور انہیں اس عالمی پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی تاکہ وہ بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دے سکیں، سرمایہ کاری حاصل کریں اور پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ٹیکنالوجی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں۔رواں سال کے فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی چھ معروف فِن ٹیک کمپنیوں پر مشتمل وفد کر رہا ہے جو عالمی فِن ٹیک منظرنامے میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کمپنیوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سنگاپور کے متحرک فِن ٹیک ایکو سسٹم سے شمولیت اور عالمی ڈیجیٹل معیشت میں اپنے قدم مضبوط کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔12 سے 14 نومبر 2025 تک جاری رہنے والا سنگاپور فِن ٹیک فیسٹیول دنیا کے سب سے بڑے فِن ٹیک اجتماعات میں سے ایک ہے، جس میں مالیاتی ٹیکنالوجی کے ماہرین، سرمایہ کار، ریگولیٹرز، پالیسی ساز، اور جدت کار شریک ہوتے ہیں۔
اس سال کے ایونٹ میں 600 سے زائد نمائش کنندگان اور 41 بین الاقوامی پویلینز شامل ہیں، جو فِن ٹیک، ڈیجیٹل فنانس اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تازہ ترین پیش رفت کو دریافت کرنے کا متحرک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔یہ فیسٹیول ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اور عالمی سطح پر ایک ایسے مرکز کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے جہاں جدت، ضابطہ سازی، اور ٹیکنالوجی کے امتزاج پر مالیاتی نظام کے مستقبل پر بحث و تبادلہ خیال کیا جاتا ہے، اور بین الاقوامی تعاون و شراکت داریوں کو فروغ دیا جاتا ہے۔
