راولپنڈی: دھمیال کے علاقے میں جوڑیاں کے قریب آئل ریفائنری کمپنی کی سپلائی پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں پیش آئے اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے سے آئل لائن اور ایک گھر کو آگ لگی ہے۔متعدد فائر ٹینڈرز، ایمرجنسی گاڑیاں اور اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ راولپنڈی پولیس کے افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔ایس ایچ او صدر بیرونی جمال نواز نے بتایا کہ آگ اور دھماکے کے نتیجے میں دو گھر بھی متاثر ہوئے تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا نہ ہی کوئی زخمی ہے۔دھماکے و آتشزدگی سے دو گھروں کے فرش بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے۔اہل محلہ نے بتایا کہ متاثرہ علاقے کے ایک گھر میں ایک ہفتہ قبل پنجاب سے کرائے دار آکر آباد ہوئے تھے۔ صبح اٹھ کر دیکھا تو گلی میں اور عقبی جانب سیاہی مائل مائع پھیلا ہوا تھا۔ ہم سمجھے کہ گٹر کا پانی ہے ابھی سمجھ بھی نہ پائے تھے کہ متاثرہ گھر کے سامنے دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔مذکورہ گھر میں رہائش پذیر افراد راتوں رات گھر چھوڑ کر غائب ہوگئے ۔ شبہ ہے کہ گھر میں موجود کرائے داروں نے آئل پائپ لائن کو توڑ کر تیل چوری کرنے کی کوشش کی تھی۔
Leave feedback about this