نائن الیون کی بیسویں برسی:امریکی صدر جو بائیڈن کی اپیل

امریکی صدر جو بائیڈن نے نیو یارک کے ٹوئن ٹاورز پر حملوں کی بیسویں برسی کے موقع پر شہريوں سے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ بائیڈن نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی قوت ہے۔

نائن الیون حملوں کی بیسویں برسی کے موقع پر جمعے کی رات کو وائٹ ہاوس سے صدر جو بائیڈن کا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا۔ چھ منٹ دورانيے کے اس پیغام میں بائیڈن نے کہا، ”میرے لیے گیارہ ستمبر کے واقعے کا اصل سبق یہ ہے کہ انتہائی پریشان کن حالات میں، زندگی کے انتہائی نشیب و فراز میں، امریکا کی روح کے لیے جنگ میں، اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔”

خیال رہے کہ 11ستمبر سن 2001 کو امریکا کے اقتصادی قوت کی علامت سمجھے جانے والے شہر نیو یارک کے ٹوئن ٹاورز پر القاعدہ نے حملہ کیا تھا، جس میں تقریبا ً 3000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اس واقعے کو نائن الیون کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

ٹوئٹر پر پوسٹ کیے گئے اپنے پیغام میں صدر بائیڈن نے کہا،”11ستمبر سن 2001 کے واقعات کے بعد ہم نے متوقع اور غیر متوقع، ہر جگہ شجاعت کی مثالیں دیکھیں، ہم نے کچھ ایسی چیزوں کا بھی مشاہدہ کیا جو نادر ہیں، قومی اتحاد کا حقیقی جذبہ۔”