سابق امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو میڈیا پرسن بن گئے

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے فرائض منصبی سرانجام دینے والے مائیک پومپیو میڈیا پرس بن گئے ہیں۔
مائیک پومپیو نے مؤقر امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز میں بطور تجزیہ کار شمولیت اختیار کر لی ہے۔
امریکی چینل فوکس نیوز کی جانب سے گزشتہ روز مائیک پومپیو کی اپنے ادارے میں شمولیت کا اعلان کیا گیا ہے۔
امریکہ کے سابق سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیونے بھی چینل میں اپنی شمولیت کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ پیغام میں بھی بتایا ہے۔
مریکی سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر مائیک پومپیو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فوکس نیوز میں، میں ناظرین کے سامنے جیو پولیٹیکل صورتحال اور بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے اپنا نکتہ نظر پیش کروں گا لیکن سب سے پہلے امریکہ والی پالیسی کو پیش نظر رکھوں گا۔
مائیک پومپیو نے دعویٰ کیا ہے کہ سب سے پہلے امریکہ جیسی پالیسی نے ملک میں امن و امان کی غیر معمولی بہتری کو یقینی بنایا ہے۔
فوکس نیوز کی سربراہ سوزان اسکوٹ نے اس ضمن میں کہا ہے کہ مائیک پومپیو کا شمار خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے امور سے متعلق سیاست کے حوالے سے سب سے زیادہ مشہور اور قابل احترام آوازوں میں ہوتا ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مائیک پومپیو کو اپریل 2018 میں ریکس ٹیلرسن کی جگہ ملک کا سیکریٹری خارجہ مقرر کیا تھا۔ انہوں نے یہ ذمہ داری جنوری 2021 میں سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت ختم ہونے تک انجام دی۔
امریکہ کے سیاسی حلقوں میں یہ خیال عام ہے کہ مائیک پومپیو آئندہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں اور اس کے حوالے سے وہ باقاعدہ منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔

سابق سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کچھ عرصہ قبل اس مطالبے میں بھی شریک ہوئے ہیں جس میں کہا جا رہا ہے کہ امریکہ کو 2022 میں بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کھیلوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

مائیک پومپیو کا شمار ان افراد میں بھی ہوتا ہے جنہوں نے کرونا وائرس کے جنم لینے کی جگہ کے حوالے سے ماہرین کی رپورٹ پر نکتہ چینی کی۔
مائیک پومپیو سمیت بہت سی امریکی شخصیات اس خیال کی حامی ہیں کہ ماہرین کی تیار کردہ رپورٹ عالمی ادارہ صحت اور سینی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے گمراہ کن مہم کا حصہ ہے۔

امریکہ کے مؤقر نشریاتی ادارے فوکس نیوز نے کچھ عرصہ قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بہو اور ان کے بیٹے ایرک ٹرمپ کی اہلیہ لارا ٹرم جنہوں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم میں مشاورت کی تھی کو بھی اپنے ادارے میں ملازمت دی ہے۔
فوکس نیوز نے لارا ٹرمپ کے علاوہ وائٹ ہاؤس کی سابق خاتون پریس ایڈوائزر کیلی مکنینی کو بھی اپنے نشریاتی ادارے میں شامل کیا ہے۔