عالمی ومقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 1400 اور 10گرام کی قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 31 ڈالر کے اضافے سے 1915 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور 10گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1400 روپے اور 1200 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 114400روپے اور 10گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 98080روپے ہوگئی۔
بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں جمعہ کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 5000روپے کم رہی ہے تاہم اس کے برعکس تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے 1200روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 1028روپے 80پیسے پر مستحکم رہی ہے۔