فیصل آباد: یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کی سپلائی 3 ہفتے سے بند، شہری مہنگے داموں خریدنے پر مجبور

فیصل آباد: فیصل آباد کے یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کی سپلائی تین ہفتے سے بند ہے، شہری اوپن مارکیٹوں سے مہنگے داموں آٹے کی خریداری پر مجبور ہیں۔ فیصل آباد ریجن بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کا بحران پیدا ہو گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ تین ہفتوں سے آٹے کی سپلائی روک دی گئی ہے۔ شہریوں کو سبسڈی کی فراہمی کیلئے 20 کلو گرام کا تھیلا 800 روپے میں فروخت کیا جارہا تھا جس سے شہری تین ہفتوں سے محروم اور مارکیٹ سے آٹے کا تھیلا 1400 روپے میں خریدنے پر مجبور ہیں۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا ناپید اور مارکیٹوں میں اسکی قیمتوں میں ہونے والے ہوشرُبا اضافے سے عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی محال ہوگیا ہے۔ البتہ زونل مینیجر یوٹیلٹی اسٹورز جاوید مشتاق کہتے ہیں کہ آٹے کی سپلائی جلد شروع کردی جائے گی۔

شہری کہتے ہیں کہ حکام کھوکھلے وعدے کرنے کی بجائے آٹا سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی فراہمی کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات اٹھائیں تا کہ انہیں ریلیف میسر آ سکے۔