پٹرول کے بعد سی این جی بم،15 روپے فی کلو تک کا اضافہ

لاہور: (حسنات بلوچ) پٹرول، ایل پی جی اور ایل این جی کے بعد سی این جی کی قیمت میں بھی 15 روپے فی کلو تک کا اضافہ کر دیا گیا۔

سی این جی ایسوسی ایشن نے ایل این جی کی قیمت میں اضافے کے بعد درآمدی ایل این جی سے چلنے والے سی این جی سٹیشنوں کے لئے گیس کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

سندھ میں سی این جی 15 روپے فی کلواورپنجاب میں 8 روپے فی لیٹر مہنگی کردی گئی ہے، اضافے کے بعد پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی کی نئی قیمت 123 روپے40پیسے فی لٹر اور سندھ میں تقریبا 184 روپے فی کلو ہوجائے گی۔

گزشتہ روز اوگرا نے ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کے مطابق گیس کمپنیوں کے لئے ایل این جی 2.14 فیصد مہنگی ہوگئی ہے جبکہ اوگرا نے ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 15.3534 ڈالر فی یونٹ مقرر کردی گئی جبکہ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 15.0918 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔