67 روپے فی کلو چینی فراہم کرنے کی بات بے بنیاد ہے: شوگرملز ایسوسی ایشن پنجاب

شوگرملز ایسوسی ایشن پنجاب کا کہنا ہے کہ 67 روپے فی کلو چینی فراہم کرنے کی بات بے بنیاد ہے۔

لاہورسے جاری بیان میں شوگرملز ایسوسی ایشن پنجاب نے کہا کہ کین کمشنر سے چینی کی قیمت پر کبھی کوئی بات نہیں ہوئی، عدالت کے حکم پر ایک لاکھ 55 ہزار ٹن چینی 80 روپے کلو دینی ہے جو نچلے طبقے کیلئے ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق اس کے سوا جو چینی ہے اس کی فروخت میں رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ مارکیٹ میں چینی دستیاب ہوسک ۔ شوگرملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حکومت پیداواری لاگت سے بھی کم قیمت پر چینی بیچنے پر مجبور کررہی ہے جب کہ ڈیلر گرفتاریوں کے ڈر سے بھا گ گئے ہیں، بحران سنگین ہورہا ہے لہٰذا معاملہ بات چیت سے سلجھایا جائے۔