ایف بی آر نے مقررہ ہدف سے 20 ارب زائد ریوینیو حاصل کرلیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی تا جنوری کیلئے مقررہ ہدف سے 20 ارب زائد ریوینیو حاصل کرلیا۔ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں 2570 ارب روپے کے محصولات جمع کیے جو پچھلے سال اسی عرصے میں حاصل ہونے والے 2416 ارب روپے سے 6.4 فیصد زیادہ ہیں۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری کے مہینے میں ریونیو نیٹ کولیکشن 364 ارب روپے رہی جبکہ مقرر کردہ ہدف 340 ارب روپے تھا، یہ وصولیاں پچھلے سال جنوری کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو کے مقابلے میں 12.3 فیصد زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :گوگل سے برطرف ہونے والی خاتون کے کمپنی انتظامیہ پر سنگین الزامات

رواں مالی سال اب تک 129 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے جا چکے ہیں جو کہ پچھلے سال اس عرصے میں 69 ارب روپے تھے، اس سال اب تک ریفنڈز کے اجراء میں 87 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 48.3 ارب روپے رہا جو کہ پچھلے سال اس عرصہ میں 29.6 ارب روپے تھا۔ اس طرح اس سال ٹیکس ادائیگی میں 63 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔

اس کے علاوہ ایف بی آر نے 14 لاکھ ٹیکس گزاروں کو نوٹسز جاری کیے ہیں جنہوں نے گوشوارے داخل نہیں کیے یا صفر قابل ٹیکس آمدنی ظاہر کی ہے یا پھر اپنے اثاثوں کی غلط تفصیلات فراہم کی ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق 30 جنوری 2021 تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 25 لاکھ 20 ہزار ہو چکی، ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، معاشی ترقی کے باعث ریوینو کے حصول میں مزید بہتری کی توقع ہے۔