سٹاک مارکیٹ: مسلسل پانچویں روز بھی تیزی، 35 ہزار کی نفسیاتی حد دوبارہ بحال

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل پانچویں روز بھی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس مزید 73 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث 35 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری ہفتے کے دوران دہشتگردوں نے پاکستان سٹاک مارکیٹ پر حملہ کیا تھا، تاہم یہ حملے بھی سرمایہ کاروں کے حوصلے پست نہ کر سکے، 100 انڈیکس میں 242.31 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 34181.80 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

دوسرے کاروباری روز کے دوران کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے سٹاک مارکیٹ کا دورہ کیا جس کے باعث سرمایہ کاروں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ، دوسرے کاروباری روز بھی انڈیکس میں مارکیٹ 240 پوائنٹس اضافہ سے 34 ہزار 421 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

رواں ہفتے کے تیسرے روز کے دوران بھی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، 100 انڈیکس 485.27 پوائنٹس بڑھ گیا تھا جس کے بعد 34907.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

گزشتہ روز رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا تاہم حصص مارکیٹ کا اختتام 88.77 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34978.18 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر تیزی ملی، اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر دیکھنے کو ملا جس کے بعد انڈیکس 73.20 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 35 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 35051.38 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

آخری پورے کاروباری روز کے دوران انڈیکس میں 0.21 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 10 کروڑ 89 لاکھ 91 ہزار 188 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو دس ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔