سونے کی قیمتوں‌ کے حوالے سے بڑی خبر

کراچی: بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باوجود پاکستان میں فی تولہ اور دس گرام کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

عالمی مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے یعنی بدھ کے روز ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں ایک ڈالر کا اضافہ ہوا۔ ایک ڈالر اضافے کے بعد سونے کی ٹریڈنگ 1879 ڈالر فی اونس پر ہوئی۔ عام طور پر عالمی مارکیٹ میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھتی ہیں مگر آج ایسا نہ ہوا اور گزشتہ روز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق پاکستان بھر کے صرافہ بازاروں میں قیمتیں مستحکم رہیں اور خرید و فروخت گزشتہ روز والی قیمت پر ہی ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بھر کے مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی فروخت 1 لاکھ 13 ہزار 600 جبکہ دس گرام کی فروخت 97 ہزار 393 کے ساتھ ہوئی۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں خرید و فروخت پرانے ریٹ کے ساتھ ہی ہوئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں قیمتیں مستحکم رہنے کے باوجود پاکستان میں فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 200 اور 172 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ اضافے کے بعد فی تولہ قیمت 1 لاکھ 13 ہزار 600 روپے جبکہ دس گرام کی قیمت 97 ہزار 393 روپے تک پہنچ گئی تھی۔