امریکی ڈالر 1 روپیہ 17 پیسے سستا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے چوتھے روز کے دوران روپے نے امریکی ڈالر کا کس بل نکال دیا، امریکی کرنسی ایک روپیہ 17 پیسے سستی ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوران معاشی اعشاریوں میں بہتری اور چینی بینکوں سمیت عالمی اداروں کی جانب سے ملنے والی دو ارب ڈالر سے زائد امداد کے بعد ملکی روپیہ تگڑا ہونے لگا ہے جس کے بعد رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران امریکی کرنسی کی قدر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 17 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 168.05 روپے سے کم ہو کر 166.88 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک بھر میں امریکی کرنسی کی قدر میں مزید گراوٹ متوقع ہے، کیونکہ عالمی اداروں کی طرف سے ملنے والی امداد سے بیرونی ادائیگیوں میں آسانی پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث روپیہ وقتی طور پر مضبوط ہونے کی طرف گامزن ہے۔