روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 13 پیسے سستا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران ڈالر کی اُڑان کو بریک لگ گئی، روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی 13 پیسے سستی ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث معیشت مشکلات کا شکارہے، جس کے باعث حکومت معیشت کو مشکلات سے نکالنے کے دعوے کر رہی ہے تاہم اس دوران ملکی کرنسی تنزلی کی طرف جا رہی ہے۔ چند روز کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر تیزی سے بلندی کی طرف جانب گامزن ہے۔

گزشتہ ہفتے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر 52 پیسے مہنگا ہو گیا تھا۔ جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 168.18 روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی اُڑان کو بریک لگ گئی، امریکی کرنسی 13 پیسے سستی ہو گئی جس کے بعد ڈالر 168.18 روپے سے کم ہو کر 168.05 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔