نوشہرہ:وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سیاست میں میرے رول ماڈل بانی پی ٹی آئی ہیں ، ہمارا لیڈر اپنے نظریئے پر قائم ہے، زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے اصولوں پر قائم رہنا چاہئے۔وزیر اعلی نے نوشہرہ میں نو تعمیر شدہ جڑوبہ ڈیم کا افتتاح کر دیا، صوبائی وزرا ، عاقب اللہ خان ، میاں خلیق الرحمان ، نوشہرہ سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلی کو بریفنگ دی گئی کہ جڑوبہ ڈیم 777 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، جڑوبہ ڈیم کی تعمیر سے 930 ایکڑ بنجر اراضی زیر کاشت آئے گی، 115 فٹ اونچا اور 697 فٹ چوڑا یہ ڈیم آبپاشی کیلئے 4.65 کیوسک پانی فراہم کرے گا۔
شرکا کو بتایا گیا کہ ملحقہ دیہات کی آبپاشی کیلئے 6.15 کلومیٹر طویل نہر تیار کی گئی ہے، آبپاشی کے علاوہ یہ ڈیم پانی ذخیرہ کرنے اور گھریلو استعمال کیلئے پانی کی فراہمی کو بھی بہتر بنائے گا، یہ ڈیم 0.75 کیوسک پینے کا پانی فراہم کرے گا جو 22 ہزار افراد کی آبادی کے لئے کافی ہوگا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حکومت تمام اداروں میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہے، اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کریں گے، نوجوانوں کو روز گار کے مواقع فراہم کرنے کیلئیہر ممکن اقدامات کریں گے۔
ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ مکمل کر دیا ہے، لوگ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں، وزیر اعلی نے جڑوبہ میں پینے کے پانی مسئلہ حل کرنے کے لیے دو کروڑ روپے اور باقی ماندہ دو کلومیٹر سڑک کی تعمیر کا اعلان کر دیا۔
Leave feedback about this