پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے بعد انھیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کو ایف آئی اے سائبر کرائمز کی جانب سے رات گئے حراست میں لیا گیا۔
جس کے بعد آج صبح اعظم سواتی کو سینئر سول جج شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ایف آئی اے کی طرف سے پی ٹی آئی رہنما کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ سناتے ہوئے اعظم سواتی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
دوسری جانب عدالت میں اعظم سواتی کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کو صرف سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے، اعظم سواتی پر رات گئے بدترین تشدد کیا گیا۔
مزید برآں عدالت نے حکم دیا کہ اعظم سواتی کا فوری طور پر پمز ہسپتال میں طبی معائنہ کرائیں۔
Leave feedback about this