چمن اور طورخم بارڈر پورا ہفتہ کھلا رکھنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ چمن اور طورخم بارڈر کو پورا ہفتہ کھلا رکھا جائے گا۔

وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں 6 دن تجارتی ٹرکوں کی آمد و رفت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ہفتہ والے دن پیدل آنے جانے والوں کے لیے مختص ہوگا،

وزارت داخلہ کے پاک افغان سرحد کھولنے سے متعلق نوٹیفیکیشن کے مطابق بارڈرز کھولنے کا فیصلہ نیشنل کووارڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق کیا گیا، وزارت داخلہ نے ایف آئی اے، ایف سی، کے پی اور ایف سی بلوچستان کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق این سی او سی کے فیصلوں کے مطابق کورونا ایس او پیز کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ افغانستان سے کورونا وائرس کے متاثرین کے کیسز سامنے آنے کے بعد 2مارچ کو چمن پر پاک افغان سرحد بند کردی گئی تھی۔ چمن بارڈر کے علاوہ ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر تفتان بارڈر پہلے ہی بند کردیا گیا تھا اس کے علاوہ دونوں ممالک کے ساتھ موجود دیگر کراسنگ پوائنٹ بھی بند کردیے گئے ہیں۔ البتہ پاکستان نے کورونا وائرس کے پیش نظر 13 مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایران اور افغانستان کے ساتھ مغربی سرحدیں مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دنیا کے دیگرممالک کی طرح پاکستان نے بھی اپنی سرحدیں بند کردی تھیں۔ تاہم اب اب ملک میں پابندیوں میں تھوڑی نرمی اور کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور اسی کے پیش نظر مغربی سرحدیں بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔