وہاب ریاض دوسری بیٹی کی پیدائش پر خوشی سے سرشار

قومی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض دوسری بیٹی حورین سکندر کی پیدائش پر خوشی سے سرشار ہیں اور مداحوں، دوستوں سے مبارکبادیں وصول کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کے ہاں دوسری بیٹی پیدا ہوئی ہے۔ ان کی سوشل میڈیا پر ایک تصویر شئیر کی گئی ہے جس میں وہ اپنی نومولود بیٹی کے ساتھ پرسکون نیند لے رہے ہیں۔ اس سے قبل اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حورین سکندر کو اپنے گھر میں خوش آمدید کہا ہے، حورین دوسری بیٹی کا نام ہے، اللہ کا شکر ہے کہ وہ میری ہاتھوں میں ہے۔

قومی کرکٹر نے اپنی خوشی مداحوں سے شئیر کرتے ہوئے کہا کہ دوسری بیٹی کی پیدائش پر ہم بہت خوش ہیں جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ دنیا کی کوئی خوشی بیٹی کی خوشی کے مدمقابل نہیں، کیونکہ بیٹی اللہ تعالی کی رحمت ہوتی ہے اور اللہ تعالی بیٹیوں کے والدین پر رحم فرماتا ہے۔

وہاب ریاض نے خوشی کے ان لمحات میں اپنی ایک خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ان کے والدین بھی ان کے ساتھ ہوتے اور اپنی پوتی کو گود میں اٹھاتے۔