حکومت عید تک روزانہ 24 گھنٹے کاروبار کی اجازت دے: لاہور چیمبر کا مطالبہ

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کم از کم عید تک روزانہ چوبیس گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت دے۔

انہوں نے کہا حکومت نے لاہور چیمبر کے مطالبے پر پہلے انڈسٹری، پھر مارکیٹیں اور اب شاپنگ مالز اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز کھولنے جیسے اچھے اقدامات اٹھائے ہیں، ان کے دور رس نتائج ہونگے اور تاجر برادری کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ طویل لاک ڈاؤن کے بعد مارکیٹیں کھلنے سے رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے حکومت کم از کم عید تک روزانہ چوبیس گھنٹے کاروبار کھولنے کی اجازت دے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے خریدار چوبیس گھنٹے میں کسی بھی وقت اپنی سہولت خریداری کر سکیں گے اور مارکیٹوں میں رش بالکل ختم ہو جائے گا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جیسے کینسر اور ایڈز جیسی سنگین بیماریوں کے ساتھ انسانی زندگی کا سفر جاری ہے، اسی طرح کورونا وائرس کے ساتھ زندگی گزارنا ہوگی۔ لہذا ایسی حکمت عملی اور لائف سٹائل اپنانا ضروری ہے جس سے کاروبار بھی متاثر نہ ہوں اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں بھی مدد ملے۔