امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی شرح میں 54 فیصد اضافہ

کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باوجود امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ماہ اپریل میں ترسیلات زرمیں گزشتہ سال کے مقابلے میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے 10 ماہ یعنی جولائی 2019ء سے لے کر اپریل 2020ء تک کی مدت میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 3.282 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

یہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 21.27 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے 10 ماہ میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 2.706 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2020ء میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 401.91 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک بجھوایا۔ یہ شرح گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 54 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال اپریل میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 260.22 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں مجموعی ترسیلات زر کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ مین 5.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔